مسئلہ(۲۹۸) اگرکوئی شخص وضوکے افعال اورشرائط مثلاً پانی کے پاک ہونے یا غصبی نہ ہونے کے بارے میں بہت زیادہ شک کرے تواسے چاہئے کہ اپنے شک کی پروا نہ کرے۔
مسئلہ(۲۹۹) اگرکسی شخص کوشک ہوکہ اس کاوضو باطل ہواہے یانہیں تواسے یہ سمجھنا چاہئے کہ اس کاوضوباقی ہے، لیکن اگراس نے پیشاب کرنے کے بعداستبراء کئے بغیروضوکرلیاہواوروضوکے بعداس کے مخرج پیشاب سے ایسی رطوبت خارج ہو جس کے بارے میں وہ یہ نہ جانتاہوکہ پیشاب ہے یاکوئی اورچیزتواس کاوضوباطل ہے۔
مسئلہ(۳۰۰) اگرکسی شخص کوشک ہوکہ اس نے وضوکیاہے یانہیں توضروری ہے کہ وضوکرے۔
مسئلہ(۳۰۱) جس شخص کومعلوم ہوکہ اس نے وضوکیاہے اوراس سے حدث بھی واقع ہوگیاہے( مثلاً اس نے پیشاب کیاہے) لیکن اسے یہ معلوم نہ ہوکہ کون سی بات پہلے واقع ہوئی ہے اگریہ صورت نماز سے پہلے پیش آئے تواسے چاہئے کہ وضوکرے اوراگرنماز کے دوران پیش آئے تونمازتوڑکروضوکرناضروری ہے اوراگرنماز کے بعدپیش آئے تو جو نمازوہ پڑھ چکاہے وہ صحیح ہے البتہ دوسری نمازوں کے لئے وضوکرناضروری ہے۔
مسئلہ(۳۰۲) اگرکسی کووضوکے بعدیاوضوکے دوران یقین ہوجائے کہ اس نے بعض جگہیں نہیں دھوئیں یاان کامسح نہیں کیااورجن اعضاء کوپہلے دھویاہویاان کامسح کیا ہوان کی تری زیادہ وقت گزرجانے کی وجہ سے خشک ہوچکی ہوتواسے چاہئے کہ دوبارہ وضو کرے، لیکن اگروہ تری خشک نہ ہوئی ہویاہواکی گرمی یاکسی ایسی وجہ سے خشک ہو گئی ہو توضروری ہے کہ جن جگہوں کے بارے میں بھول گیاہوانہیں اوران کے بعد آنے والی جگہوں کودھوئےیاان کامسح کرے اوراگروضوکے دوران کسی عضوکے دھونے یامسح کرنے کے بارے میں شک کرے تواسی حکم پرعمل کرناضروری ہے۔
مسئلہ(۳۰۳) اگرکسی شخص کونماز پڑھنے کے بعدشک ہوکہ اس نے وضوکیاتھا یا نہیں تو اس کی نماز صحیح ہے لیکن آئندہ نمازوں کےلئے وضو کرنا ضروری ہے۔
مسئلہ(۳۰۴) اگرکسی شخص کونماز کے دوران شک ہوکہ آیااس نے وضو کیا تھا یا نہیں تو (احتیاط واجب کی بناء پر) وضو کرے اور دوبارہ نماز پڑھے۔
مسئلہ(۳۰۵) اگرکوئی شخص نمازکے بعدیہ سمجھے کہ اس کاوضوباطل ہوگیاتھا، لیکن شک ہو کہ اس کاوضو نماز سے پہلے باطل ہواتھایابعدمیں توجونمازپڑھ چکاہے وہ صحیح ہے۔
مسئلہ(۳۰۶) اگرکوئی شخص ایسے مرض میں مبتلاہوکہ اسے پیشاب کے قطرے گرتے رہتے ہوں یاپاخانہ روکنے پرقادرنہ ہوتواگراسے یقین ہوکہ نماز کے اول وقت سے لے کرآخروقت تک اسے اتناوقفہ مل جائے گاکہ وضوکرکے نمازپڑھ سکے توضروری ہے کہ اس وقفے کے دوران نمازپڑھ لے اوراگراسے صرف اتنی مہلت ملے جونماز کے واجبات اداکرنے کے لئے کافی ہوتواس دوران صرف نمازکے واجبات بجالانااور مستحب افعال مثلاً اذان، اقامت اورقنوت کوترک کردیناضروری ہے۔
مسئلہ(۳۰۷) اگرکسی شخص کو (بیماری کی وجہ سے) وضو کرکے نمازکاکچھ حصہ پڑھنے کی مہلت ملتی ہواورنمازکے دوران ایک دفعہ یاچنددفعہ اس کاپیشاب یاپاخانہ خارج ہوتا ہوتواحتیاط لازم یہ ہے کہ اس مہلت کے دوران وضوکرکے نمازپڑھے لیکن نمازکے دوران لازم نہیں ہے کہ پیشاب یاپاخانہ خارج ہونے کی وجہ سے دوبارہ وضوکرے۔
مسئلہ(۳۰۸) اگرکسی شخص کوپیشاب یاپاخانہ بارباریوں آتاہوکہ اسے وضو کرکے نمازکاکچھ حصہ پڑھنے کی بھی مہلت نہ ملتی ہوتو ایک وضوچندنمازوں کے لئے کافی ہے۔ ماسوااس کے کہ کسی دوسری چیز جیسے خواب یا فطری طور سے پیشاب یا پاخانہ اس سے خارج ہو اور بہتریہ ہے کہ ہرنمازکے لئے ایک باروضو کرے، لیکن قضاسجدے، قضاتشہداورنمازاحتیاط کے لئے دوسراوضوضروری نہیں ہے۔
مسئلہ(۳۰۹) اگرکسی شخص کوپیشاب یاپاخانہ باربارآتاہوتواس کے لئے ضروری نہیں کہ وضوکے بعدفوراًنمازپڑھے اگرچہ بہترہے کہ نمازپڑھنے میں جلدی کرے۔
مسئلہ(۳۱۰) اگرکسی شخص کوپیشاب یاپاخانہ باربارآتاہوتووضوکرنے کے بعداگر وہ نماز کی حالت میں نہ ہوتب بھی اس کے لئے قرآن مجیدکے الفاظ کوچھوناجائزہے۔
مسئلہ(۳۱۱) اگرکسی شخص کوقطرہ قطرہ پیشاب آتارہتاہوتواسے چاہئے کہ نماز کے لئے ایک ایسی تھیلی استعمال کرے جس میں روئی یاکوئی اورچیزرکھی ہوجوپیشاب کو دوسری جگہوں تک پہنچنے سے روکے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ نماز سے پہلے نجس شدہ پیشاب کی جگہ کو دھولے۔ اس کے علاوہ جوشخص پاخانہ روکنے پرقادرنہ ہواسے چاہئے کہ جہاں تک ممکن ہو نماز پڑھنے تک پاخانے کودوسری جگہوں تک پھیلنے سے روکے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ اگرباعث زحمت نہ ہوتوہرنماز کے لئے مقعدکودھوئے۔
مسئلہ(۳۱۲) جوشخص پیشاب یاپاخانے کوروکنے پرقدرت نہ رکھتاہوتوجہاں تک ممکن ہونماز میں پیشاب یاپاخانے کوروکنا چاہیئے اور بہترہےکہ اسے روکے اگر چہ اس پرکچھ خرچ کرناپڑے بلکہ اس کا مرض اگرآسانی سے دورہوسکتاہوتو بہتر ہےکہ اپناعلاج کرائے۔
مسئلہ(۳۱۳) جوشخص اپناپیشاب یاپاخانہ روکنے پرقادرنہ ہواس کے لئے صحت یاب ہونے کے بعدیہ ضروری نہیں کہ جونمازیں اس نے مرض کی حالت میں اپنے وظیفہ کے مطابق پڑھی ہوں ان کی قضاکرے، لیکن اگراس کامرض نماز پڑھتے ہوئے دور ہو جائے تواحتیاط لازم کی بناپرضروری ہے کہ جونماز اس وقت پڑھی ہواسے دوبارہ پڑھے۔
مسئلہ(۳۱۴) اگرکسی شخص کویہ عارضہ لاحق ہوکہ ریاح روکنے پرقادرنہ ہوتوضروری ہے کہ ان لوگوں کے وظیفہ کے مطابق عمل کرے جوپیشاب اورپاخانہ روکنے پرقدرت نہ رکھتے ہوں ۔

