مسئلہ(۷۴۲) ضروری ہے کہ انسان نماز عصر،نماز ظہرکے بعداورنماز عشا، نماز مغرب کے بعدپڑھے اوراگرجان بوجھ کرنماز عصرنماز ظہر سے پہلے اورنماز عشا نماز مغرب سے پہلے پڑھے تواس کی نماز باطل ہے۔
مسئلہ(۷۴۳) اگرکوئی شخص نمازظہر کی نیت سے نماز پڑھنی شروع کرے اور نماز کے دوران اسے یاد آئے کہ نمازظہرپڑھ چکاہے تووہ نیت کونماز عصرکی جانب نہیں موڑسکتا بلکہ ضروری ہے کہ نمازتوڑکرنماز عصرپڑھے اورمغرب اورعشاکی نماز میں بھی یہی صورت ہے۔
مسئلہ(۷۴۴) اگرنماز عصر کے دوران کسی شخص کویقین ہوکہ اس نے نمازظہرنہیں پڑھی ہے اوروہ نیت کو نماز ظہر کی طرف موڑدے توجیسے اسے یاد آئے کہ وہ نمازظہر پڑھ چکاہے تونیت کونماز عصرکی طرف موڑدے اورنماز مکمل کرے۔ لیکن اگراس نے نماز کے بعض اجزاء کوظہر کی نیت سے انجام نہ دیاہویاظہر کی نیت سے انجام دیاہوتواس صورت میں ان اجزاکوعصر کی نیت سے دوبارہ انجام دے۔ لیکن اگر وہ جزایک رکعت ہوتوپھر ہر صورت میں نماز باطل ہے۔اسی طرح اگروہ جزایک رکعت کارکوع ہویادوسجدے ہوں تو (احتیاط لازم کی بناپر)نمازباطل ہے۔
مسئلہ(۷۴۵) اگرکسی شخص کونمازعصرکے دوران شک ہوکہ اس نے نماز ظہر پڑھی ہے یانہیں توضروری ہے کہ عصرکی نیت سے نماز تمام کرے اوربعدمیں ظہر کی نماز پڑھے لیکن اگروقت اتناکم ہوکہ نماز پڑھنے کے بعدسورج ڈوب جاتاہواورایک رکعت نماز کے لئے بھی وقت باقی نہ بچتاہوتولازم نہیں ہے کہ نمازظہر کی قضاپڑھے۔
مسئلہ(۷۴۶) اگرکسی شخص کونماز عشاکے دوران شک ہوجائے کہ اس نے مغرب کی نمازپڑھی ہے یانہیں توضروری ہے کہ عشاکی نیت سے نماز ختم کرے اوربعد میں مغرب کی نماز پڑھے۔ لیکن اگروقت اتناکم ہوکہ نمازختم ہونے کے بعدوقت تمام ہوجائے اورایک رکعت نماز کاوقت بھی نہ بچتاہوتونماز مغرب کی قضا اس پرلازم نہیں ہے۔
مسئلہ(۷۴۷) اگرکوئی شخص نمازعشاکی چوتھی رکعت کے رکوع میں پہنچنے کے بعد شک کرے کہ اس نے نمازمغرب پڑھی ہے یانہیں توضروری ہے کہ نماز مکمل کرے اور اگر بعدمیں مغرب کی نماز کے لئے وقت باقی ہوتو مغرب کی نماز بھی پڑھے۔
مسئلہ(۷۴۸) اگرکوئی شخص ایسی نماز جواس نے پڑھ لی ہواحتیاطاً دوبارہ پڑھے اور نماز کے دوران اسے یاد آئے کہ اس نماز سے پہلے والی نماز نہیں پڑھی تووہ نیت کواس نماز کی طرف نہیں موڑسکتا۔ مثلاً جب وہ نمازعصر احتیاطاً پڑھ رہاہواگراسے یادآئے کہ اس نے نمازظہرنہیں پڑھی تووہ نیت کونمازظہر کی طرف نہیں موڑسکتا۔
مسئلہ(۷۴۹) نماز قضاکی نیت نمازاداکی طرف اور نمازمستحب کی نیت نماز واجب کی طرف موڑناجائزنہیں ہے۔
مسئلہ(۷۵۰) اگرادانماز کاوقت وسیع ہوتوانسان نمازکے دوران (یہ یادآنے پرکہ اس کے ذمے کوئی قضا نمازہے،) نیت کونماز قضاکی طرف موڑسکتاہے بشرطیکہ نماز قضاکی طرف نیت موڑناممکن ہو۔ مثلاً اگروہ نمازظہر میں مشغول ہوتونیت کوقضائے صبح کی طرف اسی صورت میں موڑسکتاہے کہ تیسری رکعت کے رکوع میں داخل نہ ہواہو۔

